ڈویژنل انتظامیہ کا ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے ایکشن پلان تیار
بارشی پانی کے اخراج کیلئے اقدامات،نشیبی علاقوں میں مشینری تیار رکھی جائے :کمشنر
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات پرڈویژنل انتظامیہ نے ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے ایکشن پلان تیار کرلیا۔کمشنر فیصل آباد ڈویژن مسرت جبیں کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے فلڈ کنٹرول پلان،اربن فلڈنگ کی روک تھام،ریسکیو وہیلتھ انتظامات،حفاظتی بندوں کی صورتحال اور دیگر اقدامات پر بریفنگ دی۔ ریونیو،انہار،لائیو سٹاک،سول ڈیفنس، ریسکیو 1122،میونسپل کارپوریشن ودیگر متعلقہ محکموں کے افسر موجود تھے ۔کمشنر نے کہا کہ تمام محکمے مون سون انتظامات کو جامع انداز میں مکمل کریں۔
ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے چاروں اضلاع کو ارلی وارننگ اور الرٹ سسٹمز ہر وقت فعال رکھاجائے اورکہا ریسکیو سمیت تمام تر انتظامی وحفاظتی اقدامات ہائی الرٹ رکھیں۔کمشنر نے اربن فلڈنگ پربارشی پانی کے تیز رفتار اخراج کیلئے اقدامات،ڈیسلٹنگ مہم میں تیزی لانے اور نشیبی علاقوں پر مشینری متعین رکھنے کی ہدایت کی۔ ہرمتعلقہ محکمہ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے ۔کمشنر نے جانوروں کی ویکسی نیشن کا ہدف مکمل،کیمپس کے قیام کیساتھ ہیٹ ویو کیمپس بھی فعال رکھنے کی تاکید کی اور کہا کہ ہیٹ ویو کیمپس میں ریسکیو عملہ،فرسٹ ایڈ انتظامات،پانی کی دستیابی یقینی ہونی چاہیے۔