گوجرہ:جعلی جوس فیکٹری پر چھاپہ، سینکڑوں بوتلیں برآمد
فوڈ اتھارٹی، سپیشل برانچ اور پولیس کی کارروائی ،فیکٹری مالک کو گرفتار کر لیا گیا
گوجرہ (نمائندہ دنیا)ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز فیصل آباد ڈویژن امتیاز حسین نے ڈپٹی ڈائریکٹر ٹوبہ ٹیک سنگھ عدنا حیدر کے ہمراہ گوجرہ میں جعلی جوس تیار کرنے والی ایک فیکٹری پر چھاپہ مار کر معروف برانڈز کے جعلی لیبل لگائی گئی سینکڑوں بوتلیں برآمد کر لیں، جبکہ فیکٹری مالک کو گرفتار کر لیا گیا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق اطلاع موصول ہوئی تھی کہ گوجرہ کے محلہ سعد گارڈن میں وسیع پیمانے پر جعلی جوس تیار کرکے معروف برانڈز کے نام سے فروخت کیا جا رہا ہے ۔ اطلاع پر فوڈ اتھارٹی، سپیشل برانچ اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے کارروائی کی۔چھاپے کے دوران فیکٹری میں موجود مالک عدنان مبینہ طور پر جعلی جوس تیار کروا رہا تھا۔ ٹیم نے موقع سے 758 تیار شدہ بوتلیں، سینکڑوں خالی بوتلیں اور مختلف کمپنیوں کے جعلی لیبل برآمد کر لیے ۔فوڈ اتھارٹی نے تیار شدہ جعلی جوس تلف کر دیا، فیکٹری کو سیل کر دیا اور برآمد شدہ سامان قبضے میں لے لیا۔ بعد ازاں تھانہ سٹی گوجرہ کو تحریری اطلاع دی گئی، جس پر پولیس نے ملزم عدنان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments