جڑانوالہ :پٹرول قلت، ٹوٹی سڑکیں ،طبی سہولیات نہ ہونے پر تشویش
ترقیاتی کاموں کے باعث سڑکوں پر دھول اور مٹی کے بادل چھائے رہتے ہیں
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا )جڑانوالہ میں پٹرول کی مبینہ مصنوعی قلت، ترقیاتی منصوبوں میں سست روی، ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل اور سرکاری طبی سہولیات کی کمی پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ جاری ترقیاتی کاموں کے باعث سڑکوں پر دھول اور مٹی کے بادل چھائے رہتے ہیں، جس سے سانس، آنکھوں اور جلد کی بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ ان کے مطابق خستہ حال سڑکیں اور ناقص ٹریفک انتظامات روزمرہ آمدورفت کو بھی متاثر کر رہے ہیں۔شہریوں نے بتایا کہ سول ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی کے باعث مریضوں کو بروقت علاج میسر نہیں آ رہا، جس کے نتیجے میں روزانہ متعدد مریضوں کو فیصل آباد منتقل کرنا پڑتا ہے۔
اس صورتحال سے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو اضافی اخراجات اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔شہری حلقوں نے حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرول کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے ، ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے ، سڑکوں کی مرمت، ٹریفک نظام میں بہتری اور سول ہسپتال میں ڈاکٹروں سمیت بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments