12 ربیع الاول میلاد کارواں پر آر پی او فیصل آباد سے مشاورت
شرکائے جلوس کی حفاظت، ہنگامی طبی سہولیات، پارکنگاور دیگر امور پر گفتگو
مکوآنہ (نمائندہ دنیا) عید میلاد النبی ﷺ کے بابرکت موقع پر 12 ربیع الاول کو مکوآنہ میں نکالے جانے والے مرکزی میلاد کارواں کی تیاریوں کے سلسلے میں دربارِ عالیہ بہادریہ مکوآنہ کے گدی نشین پیر سید احسان علی بہادر گیلانی اور معروف عالمِ دین علامہ مفتی اظہر سعید نے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) فیصل آباد سہیل احمد سکھیرا سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران 12 ربیع الاول کے مرکزی میلاد کارواں کے روٹ، سیکیورٹی انتظامات، ٹریفک پلان، شرکائے جلوس کی حفاظت، ہنگامی طبی سہولیات، پارکنگ، رضاکاروں کی ذمہ داریوں، داخلی و خارجی راستوں، سی سی ٹی وی نگرانی اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پیر سید احسان علی بہادر گیلانی نے کہا کہ جلوس کے تمام شرکا قانون کی مکمل پاسداری کریں گے اور ضلعی انتظامیہ و پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا تاکہ مذہبی اجتماع مثالی نظم و ضبط کے ساتھ منعقد ہو۔اس موقع پر علامہ مفتی اظہر سعید نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ ہمیں حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ پر عمل، محبت، اخوت، برداشت، امن اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments