جماعت اصلاح المسلمین کی شجر کاری مہم کا آغاز
چک نمبر 562 گ ب میں سایہ دار اور ماحول دوست پودے لگائے گئے
بچیانہ( نمائندہ دنیا )نواحی چک نمبر 562 گ ب میں جماعت اصلاح المسلمین نے معروف روحانی رہنماخواجہ طاہر المعروف سجن سائیں کی ہدایات پر شجر کاری مہم کا آغاز کرکے پودے لگا ئے ۔ معززین علاقہ نے شجر کاری مہم میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں گاؤں کے داخلی راستے اور اطراف میں مختلف اقسام کے سایہ دار اور ماحول دوست پودے لگائے تاکہ علاقے کو سرسبز و شاداب بنانے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں بھی اپنا کردار ادا کیا جا سکے ۔ اس موقع پر جماعت اصلاح المسلمین کے ذمہ داران اور ممبران نے کہا کہ درخت قدرت کا انمول تحفہ ہیں، جو نا صرف ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں بلکہ صاف ہوا، خوشگوار ماحول، سایہ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات میں کمی کا بھی ذریعہ بنتے ہیں۔ شجر کاری صدقہ جاریہ ہے جسکے فوائد آنے والی نسلوں تک پہنچتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ لگائے گئے پودوں کی حفاظت، آبیاری اور مسلسل دیکھ بھال کیلئے جماعت کے رضاکار وقتاً فوقتاً پودوں کا معائنہ بھی کرینگے ۔ انہوں نے اہلِ علاقہ سے بھی اپیل کی کہ وہ شجر کاری مہم میں بھرپور تعاون کریں، پودوں کی حفاظت کو اجتماعی ذمہ داری سمجھیں اور زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر سرسبز، صاف اور صحت مند پاکستان کی تعمیر میں ہمارا ساتھ دیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments