ڈسٹرکٹ بار نے جماعت اسلامی کے احتجاج کی حمایت کر دی
پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتیں اور لیوی ٹیکس عوام پر اضافی بوجھ ہیں:میاں طارق
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میاں طارق محمود اور سیکرٹری کلیم اللہ گل نے پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں اور پٹرولیم لیوی ٹیکس کے خلاف آ ج 7 اگست کو جماعت اسلامی کی جانب سے ہونے والے ملک گیر احتجاج کی حمایت کا اعلان کر دیا۔جماعت اسلامی کے ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے سابق صدر بار میاں انوارالحق، رانا سکندر اعظم اور یاسر اقبال کھارا کے ہمراہ ڈسٹرکٹ بار کے عہدیداران سے ملاقات کی اور احتجاج کی حمایت کی درخواست کی۔اس موقع پر صدر بار میاں طارق محمود نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتیں اور لیوی ٹیکس عوام پر اضافی بوجھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل ردوبدل عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے ، جبکہ حکومت پٹرولیم لیوی کی مد میں عوام پر غیر ضروری مالی بوجھ ڈال رہی ہے ، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت آئی ایم ایف کے دباؤ سے بالاتر ہو کر قومی مفاد میں فیصلے کرے اور عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے اپنی مراعات اور غیر ضروری اخراجات میں کمی لائے ۔صدر بار نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل اور شہریوں کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کر رہی ہے ، جس کی حمایت کی جانی چاہیے ۔ انہوں نے وکلا برادری اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ 7 اگست کے احتجاج میں بھرپور شرکت کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments