پابندی کے باوجود نہروں پر نہانے والوں کا رش

پابندی کے باوجود نہروں پر نہانے والوں کا رش

نو جوانوں ، بچوں کے ڈوبنے کے واقعات کے با وجود ضلعی انتظامیہ پابندی پر مؤثر عملدرآمد نہیں کروا رہی ،مؤثر گشت اور نگرانی کا نظام بنایا جائے :شہریوں کا مطا لبہ

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)نہروں میں نہانے پر پابندی کے باوجود فیصل آباد میں بچوں اور نوجوانوں کا نہروں کا رخ کرنے کا سلسلہ نہ رک سکا۔ گرمی کی شدت کے باعث نہر رکھ برانچ، جڑانوالہ کی گوگیرہ برانچ سمیت مختلف نہروں اور راجباہوں میں نوجوانوں اور بچوں کے خطرناک انداز میں نہانے کے مناظر معمول بن گئے ہیں۔ ماضی میں ڈوبنے کے متعدد واقعات اور قیمتی جانوں کے ضیاع کے باوجود ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پابندی پر مؤثر عملدرآمد نہیں کروایا جا رہا۔گرمی سے بچنے کے لیے بچے اور نوجوان نہروں میں نہانے کے لیے پہنچ رہے ہیں، جہاں بعض نوجوان نہر میں چھلانگیں لگانے سمیت خطرناک کرتب بھی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ معمولی سی غفلت کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے ۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نہروں کے کناروں پر ‘‘نہروں میں نہانا منع ہے ، خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی’’ کے وارننگ بورڈز نصب کیے گئے ہیں، تاہم شہریوں کے مطابق صرف بورڈز لگانے کے بجائے عملی نگرانی اور پابندی پر مؤثر عملدرآمد کی ضرورت ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ نہروں اور راجباہوں میں نہانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد ہے ، مگر متعلقہ اداروں کی عدم توجہی کے باعث اس کی کھلے عام خلاف ورزی جاری ہے ، جس سے بالخصوص بچوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ شہریوں نے سوال اٹھایا کہ ماضی میں متعدد افسوسناک واقعات پیش آنے کے باوجود انتظامیہ کسی بڑے سانحے کا انتظار کیوں کر رہی ہے ؟شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ نہروں کے کناروں پر مؤثر گشت اور نگرانی کا نظام بنایا جائے ، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور حساس مقامات پر اہلکار تعینات کیے جائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...