دھاندرہ :ماحولیاتی آلودگی کیخلاف 2 ستمبر سے تحریک کا اعلان

دھاندرہ :ماحولیاتی آلودگی کیخلاف 2 ستمبر سے تحریک کا اعلان

دھوئیں سے ایک لاکھ نفوس متاثر، فیکٹریوں میں غیر معیاری ایندھن جلانے کا الزام

پینسرہ (نمائندہ دنیا )فیصل آباد جھنگ روڈ، نزد ایئرپورٹ واقع چک نمبر 66 دھاندرہ میں ٹیکسٹائل، سائزنگ اور ڈائنگ فیکٹریوں سے مبینہ طور پر خارج ہونے والے زہریلے دھوئیں کے خلاف پاکستان لیبر قومی موومنٹ اور حقوقِ خلق پارٹی نے 2 ستمبر سے باقاعدہ ‘‘ماحولیاتی آلودگی کے خلاف تحریک’’ شروع کرنے کا اعلان کردیا۔رہنماؤں کے مطابق صنعتی آلودگی کے باعث تقریباً ایک لاکھ نفوس پر مشتمل آبادی متاثر ہورہی ہے اور شہریوں کو صاف ہوا کے بنیادی حق سے محروم رکھا جارہا ہے ۔ مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ شام کے اوقات میں بعض فیکٹریوں کے بوائلرز میں لنڈے کے کپڑے ، چمڑے اور دیگر غیر معیاری ایندھن مبینہ طور پر جلایا جاتا ہے ، جس سے علاقے میں دھواں اور بدبو پھیل جاتی ہے ۔شہریوں کے مطابق آلودہ فضا کے باعث بچوں، بزرگوں اور دیگر افراد کو سانس لینے میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ جلد اور سانس کی بیماریوں کے مسائل میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔

پاکستان لیبر قومی موومنٹ اور حقوقِ خلق پارٹی کے رہنماؤں نے محکمہ ماحولیات کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے الزام عائد کیا کہ آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کی جارہی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ علاقے کے تمام صنعتی یونٹس کا شفاف ماحولیاتی معائنہ کرایا جائے اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر ذمہ دار فیکٹریوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ غیر معیاری ایندھن کے استعمال کا سلسلہ فوری طور پر بند کرایا جائے ، زہریلے دھوئیں کے اخراج کو کنٹرول کیا جائے اور شہریوں کو صاف و صحت مند ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...