آرٹس کونسل میں قرآنی خطاطی کے فن پاروں کی نمائش
کا افتتاح ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد آصف چودھری نے کیا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس (PUCAR) محبوب عالم چوہدری کی ہدایات کی روشنی میں ماہِ ربیع الاوّل کے مقدس ایام کی مناسبت سے فیصل آباد آرٹس کونسل میں قرآنی خطاطی کے فن پاروں پر مشتمل ایک شاندار اور روح پرور نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس کا افتتاح ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے ) محمد آصف چودھری نے کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (انفورسمنٹ) مراد حسین نیکوکارہ بھی ان کے ہمراہ تھے ، جبکہ ڈائریکٹر فیصل آباد آرٹس کونسل محمد عمران رضا، مختلف سرکاری افسران، فنکاروں، سول سوسائٹی کے نمائندگان، طلبہ و طالبات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے نمائش میں شرکت کی۔شرکاء نے نمائش کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے قرآنی خطاطی کے فن پاروں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور فنکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں اور فنی مہارت کو سراہا۔ نمائش میں معروف خطاط نثار احمد، گلزار بٹ، قمر سلطان، سلامت علی سمیت دیگر فنکاروں کے تیار کردہ دیدہ زیب فن پارے آویزاں کیے گئے تھے ۔نمائش میں قرآنِ کریم کی آیات کو خوبصورت خطاطی کے ذریعے پیش کرنے کے ساتھ ساتھ حضور نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے محبت و عقیدت کے جذبات کو بھی اجاگر کیا گیا۔ فنکاروں کا کہنا تھا کہ وہ اپنے فن کے ذریعے قرآنِ کریم سے وابستگی اور رسولِ اکرم ﷺ سے والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments