ڈپٹی کمشنر کا ترقیاتی سکیموں کا دورہ، کام بروقت مکمل کرنے کا حکم
عوام کو ریلیف دینے کے معاملے میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے میونسپل کارپوریشن، واسا اور نیسپاک کے افسران کے ہمراہ شہر میں جاری ترقیاتی سکیموں کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نوید اقبال، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عثمان غنی سمیت دیگر محکموں کے افسر بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے اتحاد روڈ، بلیسنگ ہوم سکول کے قریب المعصوم ٹاؤن روڈ، احمد نگر کالونی روڈ اور چک نمبر 225 چرچ روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔انہوں نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ سیوریج کے زیرِ التوا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں تاکہ میونسپل کارپوریشن سڑکوں کی مرمت اور بحالی کا کام شروع کر سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت ترقیاتی سرگرمیاں آگے بڑھانے ، منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے اور تعمیراتی کاموں کے دوران شہریوں کو درپیش مشکلات کم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بہتری اور عوام کو ریلیف دینے کے معاملے میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments