بلیک لسٹ گاڑیوں کی نشاندہی کیلئے خصوصی یونٹ بنانے کا حکم
چوری یا چھینی گئی گاڑیوں کی جلد برآمدگی کے لیے متعلقہ ایس ایس پیز انویسٹی گیشن کے ساتھ رابطے مضبوط بنائیں،آئی جی جنوری تا ستمبر 936خلاف ورزی کی مرتکب گاڑیاں اور 79مطلوب افراد پولیس کے حوالے کیے گئے ،ڈی جی سیف سٹیز
کراچی (اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی زیرِ صدارت سندھ سیف سٹیز اتھارٹی کی مینجمنٹ کمیٹی کا اہم اجلاس سینٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی جی سندھ سیف سٹیز اتھارٹی سرفراز نواز، پروجیکٹ ڈائریکٹر (پی ڈی)، آئی ٹی، اے آئی جی ایڈمن سمیت محکمہ داخلہ اور محکمہ خزانہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران کراچی سیف سٹی منصوبے کے فیز ون کے آپریشن، مینٹی ننس اور اسمارٹ ایمرجنسی رسپانس گاڑیوں کو موبائل سرویلنس و رسپانس کے لیے بروئے کار لانے سمیت ان کی برانڈنگ کے امور کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ڈی جی سندھ سیف سٹیز اتھارٹی سرفراز نواز نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فیز ون کے تحت کراچی کے چھ اضلاع جنوبی، شرقی، ملیر، کیماڑی، سٹی اور کورنگی میں 300 پول سائٹس کامیابی سے فعال کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جنوری سے ستمبر 2026 کے دوران سیف سٹی کیمروں کی مدد سے 936 مطلوب و خلاف ورزی کی مرتکب گاڑیاں اور 79 مطلوب افراد پولیس کے حوالے کیے گئے ، جبکہ 566 مقدمات میں ملزمان کی نشاندہی کے لیے کراچی پولیس کو تکنیکی معاونت فراہم کی گئی۔
سرفراز نواز کے مطابق اتھارٹی کو مطلوب گاڑیوں کی 338 اور مطلوب افراد کی 25 درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ ضلع جنوبی اور شرقی میں ڈکیتی کی حالیہ اہم وارداتوں میں ملوث ملزمان کو ٹریس کرنے اور ان کی گرفتاری میں بھی سیف سٹی کیمروں نے کلیدی کردار ادا کیا۔آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے سیف سٹیز اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کراچی پولیس کو ہدایات جاری کیں کہ وہ قانون کے مؤثر نفاذ اور تکنیکی معاونت کے لیے اتھارٹی کی خدمات سے بھرپور فائدہ اٹھائے ۔ انہوں نے منصوبے کے تمام مراحل پر جاری کام کی رفتار کو تیز اور موثر بنانے اور ہر صورت معیار، شفافیت اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔مزید برآں، آئی جی سندھ نے نمبر پلیٹس میں ردوبدل اور بلیک لسٹ گاڑیوں کی نشاندہی کے لیے ٹریفک پولیس کے اشتراک سے ایک خصوصی یونٹ تشکیل دینے اور چوری یا چھینی گئی گاڑیوں کی جلد برآمدگی کے لیے متعلقہ ایس ایس پیز انویسٹی گیشن کے ساتھ رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کے احکامات جاری کیے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments