فیصل آباد میں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں اضافہ ، عام آدمی کیلئے دو وقت کی روٹی مشکل

 فیصل آباد میں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں اضافہ ، عام آدمی کیلئے دو وقت کی روٹی مشکل

فائن آٹے کے 15کلوگرام تھیلے کی قیمت 2,500 روپے سے تجاوز کر گئی، دیسی آٹے کی قیمت بھی 165سے 170 روپے فی کلوگرام تک جا پہنچی ، کم آمدنی والے طبقے کی مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)فیصل آباد میں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث عام شہریوں، بالخصوص مزدور طبقے کے لیے دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنا بھی مشکل ہو گیا۔ اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 5,600 روپے فی من تک پہنچ گئی، جبکہ فائن آٹے کے 15 کلوگرام تھیلے کی قیمت 2,500روپے سے تجاوز کر گئی۔ اسی طرح چکیوں پر فروخت ہونے والے دیسی آٹے کی قیمت بھی 165 سے 170روپے فی کلوگرام تک جا پہنچی ہے ۔ذرائع کے مطابق کم آمدنی والے طبقے کی مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے موجودہ حالات میں بنیادی غذائی ضرورت پوری کرنا بھی دشوار ہو چکا ہے۔

گندم کی قیمت 5,600 روپے فی من، فائن آٹے کے 15 کلوگرام تھیلے کی قیمت 2,500 روپے سے زائد اور دیسی آٹے کی قیمت 165 سے 170روپے فی کلوگرام ہونے کے باعث گھریلو بجٹ شدید متاثر ہو رہا ہے ۔شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ محکمہ خوراک، ضلعی انتظامیہ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور دیگر متعلقہ ادارے قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ ان کے مطابق انتظامی عدم توجہی کے باعث مبینہ طور پر ناجائز منافع خوری میں اضافہ ہو رہا ہے ، جس کا براہ راست بوجھ صارفین کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے ۔ذرائع کی جانب سے یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے بعض متعلقہ اہلکار ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے مالی مفادات کے باعث خاموشی اختیار کیے رکھتے ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...