پارکنگ پلازہ فعال بنانے کے اقدامات شروع
پلازہ میں موجود دکانوں اور دفاتر کے بہتر استعمال، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور ادارے کی مالی حالت بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز کی تیاری جا ری اثاثوں کی دستیابی، استعمال اور ان سے مستقبل میں آمدن کا جائزہ لے کر قابل عمل تجاویز منظوری کے لیے متعلقہ بورڈ میں پیش کی جائیں گی، ڈی جی کے ڈی اے
کراچی(این این آئی)ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی زین العابدین انصاری نے لائنز ایریا کے غیر فعال پارکنگ پلازہ کو فعال بنانے اور اس سے آمدن کے نئے ذرائع پیدا کرنے کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں پلازہ میں موجود دکانوں اور دفاتر کے بہتر استعمال، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور ادارے کی مالی حالت بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز تیار کی جا رہی ہیں۔ڈی جی کے ڈی اے زین العابدین انصاری نے کہا کہ لائنز ایریا پارکنگ پلازہ کو مؤثر منصوبہ بندی اور انتظامی اقدامات کے ذریعے علاقے کے رہائشیوں اور تاجروں کے لیے مفید بنایا جا سکتا ہے ۔ اس سے عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ادارے کی آمدن میں اضافے کے امکانات بھی پیدا ہوں گے ۔انہوں نے بتایا کہ پلازہ میں 159 سے زائد دکانیں اور 120 سے زائد دفاتر موجود ہیں۔ ان اثاثوں کی دستیابی، استعمال اور ان سے مستقبل میں حاصل ہونے والی آمدن کا جائزہ لے کر قابلِ عمل تجاویز مرتب کی جائیں گی۔ تمام مجوزہ اقدامات قواعد و ضوابط کے مطابق منظوری کے لیے لائنز ایریا ری سیٹلمنٹ پروجیکٹ بورڈ کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔
اس موقع پر ممبر فنانس کے ڈی اے نوید انور صدیقی اور پروجیکٹ ڈائریکٹر لائنز ایریا ری سیٹلمنٹ پروجیکٹ محمد عمر فاروق نے مختلف تجاویز پیش کیں۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر نے بریفنگ میں بتایا کہ پلازہ میں موجود سرکاری املاک کی دو مرتبہ نیلامی کے باوجود مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو سکے ، جس کے باعث دکانیں اور دفاتر خستہ حالی کا شکار ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی آمدن بڑھانے کے لیے نئے ذرائع تلاش کرنے کی ضرورت ہے ، جبکہ بعض افراد اور اداروں نے عمارت میں موجود سرکاری املاک میں دلچسپی بھی ظاہر کی ہے ۔ڈی جی کے ڈی اے نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جلد قابلِ عمل تجاویز پیش کی جائیں تاکہ منصوبے کی آمدن میں اضافہ کیا جا سکے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پارکنگ پلازہ فعال ہونے سے تجارتی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے علاوہ گاڑیوں کی پارکنگ بہتر بنانے اور علاقے میں ٹریفک کے دباؤ میں کمی لانے میں بھی مدد مل سکتی ہے ۔ آمدن کے نئے ذرائع لائنز ایریا ری سیٹلمنٹ پروجیکٹ کو درپیش مالی مسائل، بشمول تنخواہوں کی ادائیگی سے متعلق مشکلات، کے حل میں بھی معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ لائنز ایریا (صدر کے قریب) میں واقع پارکنگ پلازہ کی تعمیر 2006ء میں شروع ہوئی تھی اور اس کا باضابطہ افتتاح 9 جولائی 2009ء کو اس وقت کے سندھ کے گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کیا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments