لانڈھی گودام میں 4 سال پرانی گندم، بیشتر اسٹاک خراب ، فلورملز کا گندم اٹھانے سے انکار

 لانڈھی گودام میں 4 سال پرانی گندم، بیشتر اسٹاک خراب ، فلورملز کا گندم اٹھانے سے انکار

سندھ کو 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم درکار ،سرکاری ذخائر کے باوجود قلت کا خدشہ ،فلورملزایسوسی ایشن،صدر ، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سے گندم درآمد کرنے کی اجازت کامطالبہ

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)لانڈھی گودام میں 4 سال پرانی گندم نکل آئی ، جس کا بیشتراسٹاک خراب ہونے کا انکشاف سامنے آیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے لانڈھی گودام میں چار سال پرانی گندم کا بیشتر ذخیرہ خراب ہونے کا انکشاف ہوا، جس پر فلور ملز ایسوسی ایشن سندھ نے گندم کی حالت پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے گودام سے گندم اٹھانے سے انکار کردیا ہے ۔چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن سندھ ملک اقبال نے کہا کہ سرکاری گوداموں میں موجود گندم کا بڑا حصہ خراب ہے ، جس کے باعث آنے والے مہینوں میں گندم کا بحران مزید شدت اختیار کرسکتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ کو 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم درکار ہے ، تاہم سرکاری ذخائر موجود ہونے کے باوجود قلت کا خدشہ ہے۔

فلور ملز ایسوسی ایشن نے صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سندھ کو خط لکھ کر گندم درآمد کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔ملک اقبال کا کہنا ہے کہ اگر بروقت درآمد کی اجازت مل جاتی تو گندم 85 سے 90 روپے فی کلو دستیاب ہوسکتی تھی، جبکہ اب درآمدی گندم کی قیمت 105 روپے فی کلو تک پہنچ جائے گی۔انھوں نے مزید کہا کہ درآمدی گندم سے 130 روپے فی کلو آٹا فراہم کیا جاسکتا ہے ۔ گندم کی مقامی پیداوار میں کمی کے باعث ایسوسی ایشن نے درآمد کی اجازت دینے پر زور دیا ۔فلور ملز ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ گوداموں میں موجود خراب گندم الگ کی جائے تاکہ قابلِ استعمال گندم اٹھانے پر غور کیا جاسکے ۔ گندم درآمد کرنے کی اجازت سے عوام، صنعت اور معیشت تینوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...