ایل پی جی کی مہنگے داموں فروخت، شہریوں کا احتجاج
گھریلو سلنڈر 5200 روپے تک فروخت ، سرکاری نرخوں پر فراہمی کا مطالبہ
وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی )وہاڑی شہر اور گردونواح میں ایل پی جی سرکاری نرخوں پر دستیاب نہ ہونے اور مبینہ بلیک مارکیٹنگ کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہریوں کے مطابق گھریلو استعمال کا ایل پی جی سلنڈر پانچ ہزار سے 5200 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے ، جبکہ دکاندار مبینہ طور پر فی سلنڈر ڈیڑھ سے دو ہزار روپے تک اضافی وصول کر رہے ہیں۔شہریوں اکرم، اسد، تنویر، توقیر، مقبول، شکور اور دیگر نے شکایت کی کہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی نہیں بنائی جا رہی، جس کے باعث گھریلو صارفین، ہوٹل مالکان اور چھوٹے کاروباری افراد مہنگے داموں گیس خریدنے پر مجبور ہیں۔شہریوں نے الزام عائد کیا کہ پیرا فورس اور پرائس مجسٹریٹس مبینہ گراں فروشی اور بلیک مارکیٹنگ کی روک تھام میں مؤثر کردار ادا نہیں کر رہے ، جبکہ شکایات کے باوجود صورتحال میں بہتری نہیں آ سکی۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ایل پی جی کی قیمتوں اور فروخت کی مؤثر نگرانی کی جائے ، سرکاری نرخوں پر گیس کی دستیابی یقینی بنائی جائے اور زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments