غیر ضروری بھرتیوں کی حوصلہ شکنی کریں، چیف سیکریٹری

غیر ضروری بھرتیوں کی حوصلہ شکنی کریں، چیف سیکریٹری

سرکاری جامعات میں پنشن کے واجبات بڑا مسئلہ بن چکے ہیں،آصف حیدرشاہ جامعات کو44ارب 46کروڑ روپے کی گرانٹ فراہم کی جا رہی ہے ،اجلاس

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا ہے کہ سرکاری جامعات میں پنشن کے واجبات ایک بڑا مسئلہ بن چکے ہیں، اس لیے مالی بوجھ کم کرنے کے لیے غیر ضروری بھرتیوں، خصوصاً غیر تدریسی عملے کی بھرتیوں کی حوصلہ شکنی کی جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال صوبے کی سرکاری جامعات کو 44 ارب 46 کروڑ روپے کی گرانٹ فراہم کی جا رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبے کی 32 سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جامعات کی مالی و انتظامی صورت حال، تعلیمی معیار، تحقیق، بنیادی ڈھانچے ، ترقیاتی منصوبوں اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا گیا۔

آصف حیدر شاہ نے کہا کہ حکومت جامعات کو درپیش مسائل سے آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے وائس چانسلرز اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کے انتظامی ڈھانچے اور سینڈیکیٹس سے متعلق سفارشات صوبائی کابینہ کے سامنے پیش کی جائیں گی، جبکہ سینڈیکیٹس میں تعلیم اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے سے وابستہ ماہرین کی شمولیت پر بھی غور کیا جائے گا۔چیف سیکریٹری نے جامعات کو اپنے سابق طلبہ سے مؤثر روابط قائم کرنے ، تحقیق کو صنعت سے منسلک کرنے اور تحقیقی منصوبے حکومت کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...