سوئی گیس بحران شدت اختیار کر گیا، شہری پریشان
کم پریشر کے باعث کھانا پکانا محال، حکام نوٹس لیں :صارفین کا مطالبہ
ٹاٹے پور( نامہ نگار)ٹاٹے پور اور اس کی نواحی آبادیوں میں سوئی گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے ، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ صبح، دوپہر اور شام کے اوقات میں گیس پریشر انتہائی کم ہونے سے گھریلو صارفین کے لیے کھانا پکانا دشوار ہو گیا ہے ۔بستی بھٹہ، محلہ اسٹیشن، بوھڑ روڈ، محلہ امیر آباد، شاہ مراد اور شوگر ملز سمیت دیگر علاقوں میں سرکاری اوقات کے دوران بھی گیس کا پریشر مطلوبہ سطح تک نہیں پہنچتا۔ اس صورتحال نے شہریوں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کر رکھا ہے ، جبکہ صبح کے وقت سکول جانے والے بچے بھی متاثر ہو رہے ہیں اور اکثر ناشتہ کیے بغیر سکول جانے پر مجبور ہیں۔دوسری جانب بستی جھرلووالہ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ ان کے علاقے میں سوئی گیس کی فراہمی سرے سے ہی نہیں ہوتی، جس کے باعث انہیں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔علاقہ مکینوں نے گیس کی بدترین صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جنرل منیجر سوئی گیس ملتان اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ بحران کا فوری نوٹس لیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments