لائلپور میوزیم میں 1896ء کے تحصیل آفس کا تاریخی کارنر قائم

لائلپور میوزیم میں 1896ء کے تحصیل آفس کا تاریخی کارنر قائم

سری لنکن ہائی کمشنر کو تحصیل لائلپور آفس کی تزئین و آرائش پر بریفنگ دی گئی

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) لائلپور میوزیم کی پہلی گیلری میں 1896ء کے تحصیل لائلپور آفس کی تاریخی عکاسی کرتے ہوئے ایک خصوصی کارنر قائم کر دیا گیا ہے ، جہاں تحصیل کے پہلے کلونائزیشن آفیسر کیپٹن پوفم ینگ کے زیرِ استعمال رہنے والی دفتری اشیاء کو نمائش کے لیے رکھا گیا ہے ۔ تاریخی دفتر کو باقاعدہ طور پر وزیٹرز کے لیے کھول دیا گیا ہے ۔کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے سری لنکن ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل فریڈ سینی وائی ریتھنی (Rear Admiral Fred Senevirathne) اور ان کے وفد کے ہمراہ لائلپور میوزیم میں قائم تاریخی کارنر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کے افسر بھی موجود تھے ۔سری لنکن ہائی کمشنر کو 1896ء کے تحصیل لائلپور آفس کی تزئین و آرائش اور تاریخی اہمیت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے تاریخی دفتری اشیاء کا معائنہ کیا اور اس اقدام کو سراہتے ہوئے لائلپور میوزیم کا دوبارہ تفصیلی دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

کمشنر فیصل آباد نے انہیں یادگاری تحفے کے طور پر گھنٹہ گھر کا تاریخی ماڈل بھی پیش کیا۔میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا کہ آج اہلیانِ فیصل آباد کو ان کی تاریخ، ثقافت اور قدیم تہذیب سے جوڑنے کے حوالے سے ایک اہم دن ہے ۔ 1896ء میں تحصیل لائلپور کے قیام کے تناظر میں میوزیم کی پہلی گیلری میں اُس دور کے کلونائزیشن آفیسر کے دفتر کی تاریخی عکاسی کی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کیپٹن پوفم ینگ اور سر گنگا رام نے گھنٹہ گھر، آٹھ بازاروں اور ملحقہ آبادیوں کا نقشہ تیار کیا، جس پر بعد ازاں عمل درآمد شروع ہوا۔ تاریخی کارنر کے قیام کا بنیادی مقصد وزیٹرز کو 1896ء کے دفتری ماحول اور اُس وقت کے انتظامی نظام سے آگاہ کرنا ہے ۔کمشنر فیصل آباد نے تاریخی کارنر کی تزئین و آرائش اور اسے عوام کے لیے قابلِ دید بنانے پر متعلقہ افسران کی کاوشوں کو سراہا اور فیصل آباد کے شہریوں، بالخصوص نوجوانوں کو لائلپور میوزیم کی پہلی گیلری کا دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ وہ اپنے شہر کی تاریخ اور ثقافتی ورثے سے آگاہی حاصل کر سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...