ذہنی صحت کو جسمانی صحت کے برابر اہمیت دی جائے ، ماہرین

ذہنی صحت کو جسمانی صحت کے برابر اہمیت دی جائے ، ماہرین

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں عالمی یومِ ذہنی صحت کے سلسلے میں سیمینار کا انعقاد

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) دنیا بھر میں تقریباً ایک ارب 18 کروڑ 60 لاکھ افراد ذہنی اور ادراکی صحت کے مسائل سے متاثر ہیں، جن میں ڈپریشن اور اضطراب نمایاں ہیں۔ یہ صورت حال ذہنی صحت سے متعلق سماجی ممنوعات اور غلط تصورات کے خاتمے ، نفسیاتی مسائل کی بروقت نشاندہی اور متاثرہ افراد کو ماہرین سے رجوع کرنے کی ترغیب دینے کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام عالمی یومِ ذہنی صحت کے سلسلے میں منعقدہ سیمینار بعنوان ‘‘مضبوط ذہن، روشن مستقبل’’ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے شعبہ نفسیات و رویّاتی علوم کے چیئرمین ڈاکٹر امتیاز ڈوگر نے کہا کہ متوازن اور کامیاب زندگی گزارنے کے لیے ذہنی صحت بنیادی اہمیت رکھتی ہے ۔ نفسیاتی مسائل کو معاشرتی بدنامی یا شرمندگی کا باعث سمجھنے کے بجائے ان کے حل کے لیے ماہرین سے رجوع کرنا چاہیے ۔ خاموشی سے تکلیف برداشت کرنے کے بجائے بروقت مدد حاصل کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جذباتی صحت ذاتی نشوونما، صحت مند تعلقات اور روزمرہ زندگی میں مؤثر کارکردگی کے لیے ناگزیر ہے ۔ڈین فوڈ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عمران پاشا نے کہا کہ ذہنی صحت کو جسمانی صحت کے برابر اہمیت دینی چاہیے ۔ نفسیاتی مشکلات اور ذاتی دباؤ سے نمٹنے کے لیے جذباتی مضبوطی، معاون تعلقات اور کھل کر گفتگو کرنا اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...