نہر گوگیرہ برانچ کے دونوں اطراف کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار
سڑکوں کو جاری ترقیاتی منصوبوں میں شامل کرکے مرمت کی جائے :باسم سعید
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا) نگران امیر جماعت اسلامی تحصیل جڑانوالہ باسم سعید چودھری نے نہر گوگیرہ برانچ کے دونوں اطراف کی سڑکوں کی خستہ حالی اور سڑکوں پر سیوریج کا پانی جمع ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ سڑکوں کو جاری ترقیاتی منصوبوں میں شامل کرکے فوری تعمیر و مرمت کا کام شروع کیا ائے ۔نہر گوگیرہ برانچ کے دونوں اطراف کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جبکہ متعدد مقامات پر گھروں سے نکلنے والا سیوریج کا پانی سڑکوں سے گزر کر نہر میں گرتا دکھائی دیتا ہے ۔ پانی کے مسلسل بہاؤ اور گہرے کھڈوں کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔شہریوں کے مطابق المرکز الاسلامی مسجد خضریٰ کینال روڈ سے دفتر وارڈن تک تقریباً آدھے کلومیٹر کے علاقے میں متعدد مقامات پر سیوریج کا پانی سڑک کے آر پار بہتا نظر آتا ہے ۔ بعض جگہوں پر سڑک کے حصے جوہڑ کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ نہر کے دوسری جانب کالج روڈ پر بھی صورتحال مختلف نہیں، جہاں سیوریج کے پانی کے باعث سڑکوں کو مزید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بالخصوص سکولوں کے اوقات میں ٹریفک کا دباؤ بڑھنے سے صورتحال مزید سنگین ہو جاتی ہے ۔ علاقہ مکینوں اور بچوں کو سکول چھوڑنے والے والدین کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments