جرمن سفیر اینا لیپل کا نجی یونیورسٹی اور مدینہ ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ

جرمن سفیر اینا لیپل کا نجی یونیورسٹی اور مدینہ ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ

ہسپتال کے مختلف شعبوں ، تجربہ گاہوں کا معائنہ کیا ،یونیورسٹی میں پودا بھی لگا یا

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) پاکستان میں جرمنی کی سفیر اینا لیپل نے نجی یونیورسٹی اور اس سے ملحقہ مدینہ ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا۔ یونیورسٹی آمد پر ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر امان اللہ ملک، رجسٹرار ڈاکٹر زاہدہ مقبول اور دیگر سینئر عہدیداران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔دورے کا مقصد نجی یونیورسٹی اور جرمنی کے مختلف تعلیمی اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے ، مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور بین الاقوامی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا تھا۔ کانفرنس روم میں ہونے والے اجلاس کے دوران جرمن سفیر کو نجی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام یونیورسٹی، میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج، ٹیچنگ ہسپتال اور دیگر فلاحی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اینا لیپل نے یونیورسٹی کی تعلیمی کامیابیوں کو سراہا اور جرمنی کی جامعات سے فارغ التحصیل اساتذہ سے ملاقات میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا، جو اپنے بین الاقوامی تعلیمی تجربے کو تدریس اور تحقیق کے فروغ کے لیے بروئے کار لا رہے ہیں۔ اس موقع پر پاکستان اور جرمنی کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔بعد ازاں جرمن سفیر نے مدینہ ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہیں طبی سہولیات، صحت کی خدمات اور طبی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت میں ہسپتال کے کردار سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں اور تجربہ گاہوں کا معائنہ کیا اور جدید طبی سہولیات مفت فراہم کرنے پر مدینہ فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہا۔جرمن سفیر نے یونیورسٹی کے احاطے میں پودا لگا کر شجرکاری مہم میں بھی حصہ لیا۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...