تعلیم اور کردار سازی ترقی یافتہ مستقبل کی بنیاد ہیں:آر پی او
ایجوکیٹرز پولیس پبلک سکول میں طلبہ میں انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد انعام الرحمن ملک نے ایجوکیٹرز پولیس پبلک سکول، پولیس لائنز فیصل آباد میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے نمایاں تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او انعام الرحمن ملک نے کہا کہ معیاری تعلیم اور کردار سازی خوشحال اور ترقی یافتہ مستقبل کی بنیاد ہیں۔ پولیس افسران کے بچوں کی تعلیمی کامیابیاں ان کے والدین کے ساتھ پورے محکمہ پولیس کے لیے بھی باعثِ فخر ہیں۔ طلبہ کی علمی و ذہنی نشوونما کے ساتھ ان کی اخلاقی تربیت اور مثبت سرگرمیوں میں شرکت بھی انتہائی اہم ہے ۔انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ قرآن پاک کی تلاوت کے ساتھ اس کے ترجمے اور مفہوم کو سمجھنے اور اس کی تعلیمات پر عمل کرنے کی عادت اپنائیں، کیونکہ قرآن پاک کی تعلیمات اخلاقی اور روحانی تربیت میں بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ اخبار کا مطالعہ بھی اپنے معمولات میں شامل کریں تاکہ ملکی اور عالمی حالات سے باخبر رہنے کے ساتھ معلومات میں اضافہ اور تنقیدی سوچ کو فروغ دے سکیں۔آر پی او نے اساتذہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں اور طلبہ کی علمی و اخلاقی تربیت کے ذریعے معاشرے کے مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر انہوں نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے اساتذہ اور سکول انتظامیہ میں تحائف تقسیم کیے ۔ اس موقع پر سکول کی پرنسپل سمیرا الیاس نے آر پی او کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments