ٹوبہ :38ترقیاتی سکیموں پر کام جاری، شہری سہولیات کا جائزہ
ٹوبہ :38ترقیاتی سکیموں پر کام جاری، شہری سہولیات کا جائزہ ڈی سی نے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کو عوام کو ریلیف کے اقدامات سے آگاہ کیا
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ایم پی اے کرنل (ر) ایوب خان گادھی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں، سالانہ ترقیاتی پروگرام، محکمہ تعلیم کی کارکردگی، امن و امان کی صورتحال اور شہریوں کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایم پی اے چوہدری امجد علی جاوید، سابق ایم پی اے عبدالقدیر علوی، سیاسی رہنما عاطف رضا خان، ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اخلاق اﷲ تارڑ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کو سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مجموعی طور پر 38 ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے ، جن میں 29 جاری اور 9 نئی سکیمیں شامل ہیں۔ ان منصوبوں میں سڑکوں کی 13، عمارتوں کی 14، لوکل گورنمنٹ کی 8، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی ایک اور محکمہ انہار کی 2 سکیمیں شامل ہیں۔اجلاس میں ایم فور انٹرچینج سے ایم تھری راجانہ انٹرچینج تک 26 کلومیٹر طویل دو رویہ سڑک کی تعمیر پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ سڑک کے 11 کلومیٹر حصے پر اسفالٹ بچھانے کا کام مکمل ہو چکا ہے ، جبکہ شہری حدود میں بھی تعمیراتی کام جاری ہے ۔ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے عوامی سہولیات کی فراہمی، شہری مسائل کے حل اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے جاری اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments