جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائیاں تیز، وارادتیں کم

جرائم  پیشہ عناصر کیخلاف کارروائیاں تیز، وارادتیں کم

سی سی ڈی کی کارروائیوں کے نتیجے میں وارداتیں مجموعی طور پر 68فیصد تک کم ہو نے کا دعوی ٰ، ڈکیتی کے واقعات میں 78فیصد کمی ، شہریوں کا اظہار اطمینان

فیصل آباد (عبدالباسط سے ) ڈکیتی، چوری، راہزنی، اغوا، تاوان، بھتہ خوری اور منشیات فروشی سمیت دیگر سنگین جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کی کارروائیوں کے نتیجے میں جرائم کی وارداتوں میں مجموعی طور پر 68 فیصد تک کمی ریکارڈ کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔ حکام کے مطابق جرائم کی وارداتوں میں کمی کے پیش نظر شہریوں کی جانب سے بھی سی سی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا جا رہا ہے ، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے قائم کردہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے مؤثر اقدامات کے نتائج سامنے آنے لگے ہیں۔

سی سی ڈی ریجن فیصل آباد کی ٹیموں نے شہر اور ریجن بھر میں جرائم کے نیٹ ورکس کے خاتمے اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے منظم حکمتِ عملی کے تحت کارروائیاں کیں۔ اس سلسلے میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف قانونی اقدامات کیے گئے ۔سی سی ڈی کی رپورٹ کے مطابق مختلف نوعیت کے جرائم میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈکیتی کی وارداتوں میں 78 فیصد، گھروں میں لوٹ مار کی وارداتوں میں 93 فیصد، رابری کی وارداتوں میں 71 فیصد اور ہاؤس رابری کی وارداتوں میں 58 فیصد کمی ہوئی ہے ۔ اسی طرح موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتوں میں 66 فیصد جبکہ موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں 65 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔

رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر جرائم کی وارداتوں میں 68 فیصد تک کمی سامنے آئی ہے ۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جرائم کی وارداتوں میں کمی کے باعث شہریوں میں تحفظ کے احساس کو تقویت ملی ہے ، جبکہ جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں تاکہ شہر کو منشیات فروشی اور دیگر سنگین جرائم سے محفوظ بنایا جا سکے ۔ریجنل آفیسر سی سی ڈی فیصل آباد وسیم ریاض نے کہا کہ جرائم کی روک تھام میں حاصل ہونے والی کامیابیاں مؤثر حکمتِ عملی، منظم اور سنگین جرائم میں ملوث گروہوں کے خلاف بروقت کارروائیوں اور پولیس افسران و اہلکاروں کی انتھک محنت کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...