والدین کی شان بیان کرنا آپ ؐ کی خوشنودی کا ذریعہ : آصف رضا
آپ ﷺ نے والدین کی اہمیت و فضیلت متعدد بار بیان فرمائی:سیمینار سے خطاب
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پاکستان سنی تحریک کے مرکزی کوآرڈینیٹر و ممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضاقادری نے کہا ہے کہ حضور اکرم ﷺ کے والدین کا ذکر خیر کرنا باعث سعادت ہے ، جبکہ والدین مصطفیٰ ﷺ کی عظمت و شان بیان کرنا آپ ﷺ کی خوشنودی حاصل کرنے کا ذریعہ ہے ۔ نبی کریم ﷺ کے والدین اہل ایمان اور پاکیزہ ہستیاں تھیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے الٰہی آباد میں منعقدہ ‘‘عظمت والدین مصطفیٰ ﷺ سیمینار’’ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ والدین مصطفیٰ ﷺ کے ایمان کے بارے میں شک کرنا اپنے ایمان کی بربادی کا سبب ہے ۔ آپ ﷺ نے والدین کی اہمیت و فضیلت متعدد بار بیان فرمائی۔ والدین کا چہرہ محبت سے دیکھنا عبادت میں شمار ہوتا ہے اور حج مقبول کا ثواب ملتا ہے ۔ اسلام میں والدین کی نافرمانی کو شرک کے بعد سب سے بڑا گناہ قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ والدین کی خدمت میں ہمارے لیے دین و دنیا کی کامیابی، سعادت، فلاح اور نجات ہے ۔ والدین کی عظمت و اہمیت سب سے زیادہ ہے اور رب کائنات کی نعمتوں میں والدین ایک عظیم نعمت ہیں۔ محسن کائنات ﷺ نے والدین کی عزت و مرتبے کے بارے میں واضح ارشادات فرمائے ہیں۔ قرآن پاک میں ہر دوسری جگہ ماں باپ کی اطاعت و فرمانبرداری کا حکم آیا ہے ۔ والدین کی عظمت و شان کا ایک روشن اور درخشاں پہلو یہ ہے کہ ان کا مقام جاننے اور احترام کا حق ادا کرنے سے خیر و برکت انسان کا مقدر بنتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments