اسلحہ کی بھرمار، جرائم میں اضافہ، پولیس ایکشن غیرموثر
معمولی دشمنیاں ، جھگڑے قتل و غارتگری کی صورت اختیار کرکے سنگین دشمنیوں میں تبدیل ہونے لگے ،شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کے لیے مشکل ہو گیا
فیصل آباد (عبدالباسط سے )ضلع بھر میں شہریوں کے پاس موجود غیر قانونی اور ناجائز اسلحے کے خاتمے کے لیے پولیس کی جانب سے مؤثر کارروائیاں نہ ہونے کے برابر ہیں، جس کے باعث ڈکیتی، چوری، راہزنی اور دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔ ناجائز اسلحے کی موجودگی کے باعث معمولی دشمنیاں اور جھگڑے بھی قتل و غارتگری کی صورت اختیار کرکے سنگین دشمنیوں میں تبدیل ہونے لگے ہیں۔ اس کے باوجود معاشرے کو غیر قانونی، ناجائز اور غیر ضروری اسلحے سے پاک کرنے کے لیے پولیس، سی سی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں مؤثر دکھائی نہیں دیتیں۔
پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح فیصل آباد میں بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ شہریوں کے پاس موجود غیر قانونی، ناجائز اور غیر ضروری اسلحے کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ، جس کے باعث نہ صرف ڈکیتی، چوری، راہزنی، اغوا، تاوان، بھتہ خوری اور منشیات فروشی جیسے سنگین جرائم کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے بلکہ ناجائز اسلحے کی موجودگی کے باعث قتل و غارتگری کے واقعات بھی بڑھنے لگے ہیں۔ذرائع کے مطابق شہریوں کے پاس موجود غیر قانونی اور ناجائز اسلحے کے خاتمے کے لیے ضلعی پولیس، سی سی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں نہ ہونے کے برابر ہیں، جس کی وجہ سے اسلحے کی تعداد کے ساتھ جرائم کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔ ایسے حالات میں شہریوں کی قیمتی جان و مال کا تحفظ پولیس کے لیے خاصا مشکل ہو گیا ہے۔
پولیس حکام کی جانب سے ناجائز، غیر قانونی اور غیر ضروری اسلحہ رکھنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں کرنے کے متعدد دعوے کیے گئے ، تاہم ان دعوؤں کو عملی جامہ نہیں پہنایا جا سکا، جس کے باعث شہر کو اسلحے سے پاک کرنے کا مقصد بھی حاصل نہ ہو سکا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی پولیس، ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس اور سی سی ڈی سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موجودگی کے باوجود ناجائز اور غیر قانونی اسلحے کے خلاف مؤثر کارروائیاں نہ ہونا متعلقہ اداروں کی غفلت اور لاپرواہی کی عکاسی کرتا ہے ۔ انہوں نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر عملی اور مؤثر کارروائیاں کی جائیں تاکہ معاشرے کو اسلحے سے پاک کیا جا سکے ، جرائم کی شرح میں کمی لائی جا سکے اور قتل و غارتگری جیسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments