گجرات:فصلوں کی باقیات جلانے والوں کیلئے شکنجہ تیار

گجرات:فصلوں کی باقیات جلانے والوں کیلئے شکنجہ تیار

محکمہ زراعت آ گاہی مہم چلائے ،خلاف ورزی پر مقدمات درج کر ائے جا ئینگے ،زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر کوئی بھٹہ نہیں چلے گا:ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم

گجرات(سٹی رپورٹر ، نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے ہدایت کی ہے کہ سموگ کی روک تھام کیلئے فصلوں کی باقیات جلانے پر پابندی پر100فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے ، سیکرٹری آر ٹی اے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف فوری کریک ڈاؤن کریں، ضلع میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر کوئی بھٹہ نہیں چلے گا، ماحولیات ڈیپارٹمنٹ ایک ہفتہ میں تمام انڈسٹریل یونٹس کا سروے مکمل کرے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی انسداد سموگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عامر شہزاد کنگ ، فوکل پرسن/ اسسٹنٹ کمشنرز وقار حسین ، فیصل عباس مانگٹ، خالد عباس سیال، احسن ممتاز، ڈی ایچ او ڈاکٹر ایاز ناصر، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر عرفان اﷲ وڑائچ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمود اقبال گوندل و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات نے شرکا کو بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ محکمہ زراعت فیلڈ اسسٹنٹس کو متحرک کرے ، تمام کسانوں کو آگاہ کیا جائے کہ وہ دھان سمیت فصلوں کی باقیات اور وڈھ نہ جلائیں، خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف فوری مقدمات درج کرائے جائیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں