عدالتی کیسز: حکومتی مفادات کا تحفظ یقینی بنانے کا فیصلہ

عدالتی کیسز: حکومتی مفادات کا تحفظ یقینی بنانے کا فیصلہ

کیسز کی پیروی وتعمیل کیلئے کمیٹی بنے گی ،ڈپٹی کمشنرکنوینئرکمیٹی، ڈسٹرکٹ اٹارنی ، اے ڈی سی (جنرل)سیکرٹری، لا آفیسراورپراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کے افسرحصہ ہونگے

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر) عدالتی کیسز میں حکومتی مفادات کاتحفظ یقینی بنانے کافیصلہ کیاگیاہے اور کیسز کی پیروی وبروقت تعمیل کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے گی ، ڈپٹی کمشنر دانش افضال کی زیرصدارت اجلاس میں ڈسٹرکٹ اٹارنی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)انجم ریاض سیٹھی، لاء آفیسررانا غلام فرید نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنرکنوینئرکمیٹی، ڈسٹرکٹ اٹارنی / ڈسٹرکٹ پبلک پراسکیوٹرممبر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) سیکرٹری، لاء آفیسراورپراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کے دیگرافسر کمیٹی کا حصہ ہونگے ۔ سب کمیٹی کے کنوینئرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) انجم ریاض سیٹھی ہونگے ، لا آفیسرڈپٹی کمشنردفترسمیت پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ گوجرانوالہ کے نمائندے کمیٹی کا حصہ ہونگے جوہرہفتہ تمام سرکاری محکموں کے کیسز اورانکی پیش رفت، عدالتوں میں پیروی کا جائزہ لیں گے اور اپنی رپورٹ ضلعی کمیٹی کو پیش کرینگے ،جس کا اجلاس ہر پندرہ روز کے بعد ہوگا۔ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ معززعدالتوں کی طرف سے ریفرکیسز کی بروقت پیروی اوردرکارریکارڈپیش نہ کرنے ، ان پرہونے والی پیشرفت اورعملدرآمد سے متعلقہ عدالت کوآگاہ نہ کرنے سے جہاں حکومتی مفادات متاثرہوتے ہیں، وہاں اداروں اور معززعدالتوں کے درمیان خلا پیدا ہوتا ہے جوکسی طرح بھی ریاست اورعوام کے مفاد میں نہیں ہے ۔ تمام محکموں کو پابند کیا جائے گا کہ وہ اپنے محکموں سے متعلق کیسزکا نہ صرف ریکارڈ رکھیں بلکہ ان کیسزمیں جوبھی پیشرفت ہو اور عدالتی احکامات ہوں ان پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ، ڈپٹی کمشنر دفتر اور محکموں کے درمیان مربوط کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بناتے ہوئے مثالی فضاء بنائی جائے گی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں