ایکسپورٹ پراسسنگ زون میں کینسل پلاٹس کی انکوائری کا حکم

 ایکسپورٹ پراسسنگ زون میں کینسل پلاٹس کی انکوائری کا حکم

سیالکوٹ، ڈسکہ (نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر ، نامہ نگار )نگران صوبائی وزیر صنعت، تجارت و توانائی ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ سیالکوٹ کے صنعتکار ملک۔۔

 کو سالانہ 3 ارب ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ کما کردے رہے ہیں ، ایکسپورٹ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اس کو بڑھانے کیلئے سیالکوٹ میں ایک ہزار ایکڑ پر انڈسٹریل زون، 798کنال پر سرجیکل سٹی سمیت سپورٹس گڈز اینڈ میٹریل ٹیسٹنگ لیب کی تکمیل کیلئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب جلد مطلوبہ فنڈز جاری کریں گے جبکہ پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف مینجمنٹ کی تشکیل دیدیا گیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صنعت وتجارت سیالکوٹ، ایکسپورٹ پراسسنگ زون اور سرجیکل سٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان، صدر چیمبرآف کامرس عبدالغفور ملک ،سینئر نائب صدرنائب وہاب جہانگیر، نائب صدر عامر مجید شیخ، ریاض الدین شیخ، ڈی او انڈسٹریز راشدہ بتول بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ صوبائی وزیر نے ایکسپورٹ پراسسنگ زون میں کینسل ہونے والے پلاٹس کی بحالی کے مطالبہ پر انکوائری کا حکم دیا اور کہا کہ اس مسئلہ کو وہ خود مانیٹر کریں گے ۔ نگران صوبائی وزیر نے ڈسکہ(راجوکے )سرجیکل سٹی کے منصوبے کا جائزہ لینے کیلئے سائٹ کا دورہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر فیصل احمد نے بتایا کہ سرجیکل سٹی کیلئے 798کنال رقبہ ایکوائر کرلیا گیا ہے جس میں 36کنال10مرلے پر عدالت عالیہ لاہور کی جانب سٹے آرڈر ہے ۔ عدالتی فیصلہ کے بعد حکومت پنجاب کی جانب سے زمین کے مالکان کو معاوضہ ادا کردیا جائے گا۔ حکومت پنجاب کی جانب سے زمین ایکوائر کرنے کیلئے مطلوبہ فنڈر 35کروڑ 80لاکھ روپے اکاؤنٹ میں آچکے ہیں۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں