صنعتوں کی شہر سے منتقلی کا منصوبہ ناکام
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)رہائشی آبادیوں میں غیر قانونی کمرشل تعمیرات اور آلودگی کی روک تھام کیلئے 6 مختلف محکموں کی ناقص کارکردگی ،افسر وں کی عدم توجہی اور ۔۔۔
تمام دعوؤں کے باوجود رہائشی آبادیوں میں غیر قانونی طورپر کمرشل تعمیرات کنٹرول نہ کی جاسکیں، فیکٹریوں،صنعتی یونٹس اور کیمیکل پلانٹس کی منتقلی کا منصوبہ بھی گوجرانوالہ کی انتظامیہ نے ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا ،فیکٹریوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کیلئے بنائی گئی مختلف محکموں کی کمیٹی برسوں سے غیر فعال پڑی ہے ۔شیخو پورہ روڈ ،کھیالی ،سیالکوٹ بائی پاس،نوشہرہ روڈ،محلہ عثمان غنی کالونی، بھٹہ سٹریٹ، حافظ آباد روڈ،گھوڑے شاہ روڑ ،شاہین آباد،جناح روڈ ،کرشن آباد، دھلے ،باغبان پورہ ، سمن آباد، صنعت روڈو دیگر علاقو ں میں سینکڑوں فیکٹریاں،صنعتی یونٹس ،پروسیسنگ ملزاور کیمیکل پلانٹس قائم ہیں جن سے علاقہ مکینوں کی زندگیاں عذاب بن چکی ہیں،زیرزمین پانی ناقابل استعمال جبکہ چمنیوں کے اگلتے دھویں سے مکین بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں ،مشینوں کے چلنے سے مکانوں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں ۔ احکامات کے باوجود فیکٹریوں میں آگ بجھانے میں استعمال ہونیوالے ضروری آلات نمایاں جگہ پر نصب کئے گئے نہ ہی تجارتی کاروباری اداروں میں داخلی اور خارجی راستوں کا مناسب بندوبست کیا جاسکا۔مزدوروں اور علاقہ مکینوں کی زندگیاں بدستور خطرات میں گھری ہوئی ہیں۔