تتلے عالی لیڈیز پارک میں مویشیوں اور نشئیوں کے ڈیرے

تتلے عالی لیڈیز پارک میں مویشیوں اور نشئیوں کے ڈیرے

تتلے عالی(نامہ نگار )تتلے عالی لیڈیز پارک میں مویشیوں اورنشہ بازوں کے ڈیرے ، سپورٹس کمپلیکس کی عمارت کے تمام شیشے وسامان ٹوٹ گیا،لاکھوں روپے مالیتی سامان غائب۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے تتلے عالی کے مکینوں کو سیروتفریح اور کھیلوں کیلئے کامونکی روڈ پر2017میں کروڑوں کی لاگت سے 90کنال اراضی پر کرکٹ،فٹ بال ودیگر کھیلوں کیلئے گراؤنڈ، لیڈیز پارک جبکہ ان ڈور گیمز کیلئے سپورٹس کمپلیکس کی تعمیرکروائی تھی لیکن محکمانہ مبینہ ملی بھگت سے پارک و گراؤنڈ دن بھر مویشیوں اور رات کو نشہ بازوں کی آماجگاہ بن گیا ہے ۔نشہ بازوں اور آوارہ لوگوں نے پارک گراؤنڈ میں شائقین کے بیٹھنے کیلئے درجنوں کرسیاں ،پتھر مار کرعمارت کے دروازے ،کھڑکیوں کے شیشے توڑ دئیے ہیں۔محکمانہ ملازمین کی سستی ونااہلی یا مبینہ ملی بھگت کے باعث پارک وگراؤنڈ سے گھاس کاٹنے والی مشین،بجلی کی موٹرودیگر سامان غائب ہوگیا ہے جبکہ سپورٹس کمپلیکس سے درجنوں پنکھے ودیگر سامان چوری ہوچکا ہے جس کا مقدمہ تک بھی درج نہیں ہوا۔اہل علاقہ نے ڈسٹرکٹ وتحصیل سپورٹس آفیسر سے اصلاح واحوال کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں