تمباکو نوشی کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی سیمینار اور واک
وزیرآباد(نا مہ نگار) اینٹی نارکوٹکس ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام شہید نوید یونس کئیر سنٹر بحالی مرکز برائے امراض منشیات کے فاطمہ میموریل بلاک پٹھانوالی میں تمباکو نوشی کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا۔۔۔
تقریب میں سائیکاٹرسٹ ڈاکٹر اسد اللہ، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر عبید رحمت،صدر محمد جمیل چیمہ،ڈاکٹر شہلا سید، چیف ایگزیکٹو عارف حسین چیمہ،ڈائریکٹر طالب حسین چیمہ ودیگر نے شرکت کی۔ ڈاکٹر اسد اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتنے افراد جنگوں میں نہیں مرتے جتنے تمباکو نوشی سے ہر سال 80لاکھ سے زائد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں،اس میں 12لاکھ وہ افراد ہیں جو ارد گرد تمباکو پینے والے افراد کے خارج کئے گئے دھو یں سے مرجاتے ہیں ۔عبید رحمت اور محمد جمیل چیمہ نے کہا کہ پاکستان میں سگریٹ نوش افراد کی تعداد ہر سال بڑھتی جارہی ہے ایک سروے کے مطابق ہر روز چھ سے پندرہ سال تک کی عمر کے 1200پاکستانی بچے سگریٹ نوشی شروع کرتے ہیں ، اگرآپ سگریٹ چھوڑنا چاہتے ہیں تو سگریٹ نوشی کی طلب پر قابو پانے کے لئے نیکوٹین کے متبادل سپرے ،گم،نیکوٹین ویپس اور ڈاکٹر کی تجویز کردہ ادویات استعمال کریں اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ نیکو ٹین کو اپنے جسم سے نکالنے کے لئے کافی مقدار میں پانی پی رہے ہیں۔