بجلی کے بل صارفین کیلئے بم بن گئے :جماعت اسلامی

بجلی کے بل صارفین کیلئے بم بن گئے :جماعت اسلامی

گجرات(سٹی رپورٹر، نامہ نگار )جماعت اسلامی پنجاب کے امیرڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ 25 کروڑ عوام پربجلی کے بل بم بن گئے ، عوام بلوں کی ادائیگی کے لیے گھر کی اشیا اور خواتین زیور فروخت کر رہے ہیں۔۔۔

 مسلسل پیٹرول، گیس کی قیمتیں بڑھا ئی جا رہی ہیں، آئی پی پیز سے ظالمانہ معاہدے ، قومی معیشت اور عوام پر بڑا بوجھ بن چکے ہیں۔ پاکستان ایک طرف 1ارب ڈالر کی قسط کے لیے بھی آئی ایم ایف کی کڑی شرائط ماننے پر مجبور ہے تو دوسری جانب آئی پی پیز کے ساتھ کیے گئے معاہدے ہر سال قوم کے اربوں ڈالر نگل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں، نیپرا، آئی پی پیز اور حکومت کا شیطانی گٹھ جوڑ ہے ۔ آئی پی پیز بجلی پیدا نہ کر کے بھی اربوں کے کیپسٹی چارجز وصول کر رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کے بعد مزید اضافے کا عندیہ دیا جا رہا ہے ۔ حکمران طبقات، اراکین اسمبلی، سول ملٹری بیوروکریسی اور ججز اپنی مراعات کے لیے ایک ہو گئے ، عوام صحت، تعلیم سمیت بنیادی ضروریات سے محروم ہیں، نوجوان اور پروفیشنلز مایوس ہو کر ملک سے بھاگ رہے ہیں، تنخواہ دار طبقہ انتہائی اذیت کا شکار ہے ۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ جماعت اسلامی عوام کو حالات کے رحم و کرم پر تنہا نہیں چھوڑ سکتی۔ سب سیاسی جماعتیں اقتدار کو انجوائے کرنے میں مصروف ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں