پنڈی بھٹیاں میں دن دہاڑے ڈکیتیاں ،پولیس تماشائی
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار) پولیس سرکل پنڈی بھٹیاں میں لاقانونیت عروج پر پہنچ گئی اور شہریوں کو دن دہاڑے لوٹا جانے لگا، شہری ڈاکوؤں چوروں اور قانون شکنوں کے رحم وکرم پر ہیں۔۔۔
تھانوں میں تعینات ایس ایچ اوز اور دیگر عملہ شہریوں کے جان ومال کے تحفظ میں ناکام ہو چکا ہے ۔گزشتہ شب بھی تھانہ صدر کی پولیس چوکی ٹبہ شاہ بہلول سے کچھ فاصلے پر ٹول پلازہ پر ڈاکوؤں نے مسافروں کو لوٹنے کیلئے ناکہ لگایا اور فائرنگ بھی کرتے ر ہے جبکہ تھانہ سٹی کی حدود میں پل کٹیاں والا پر کئی روز سے دن دہاڑے موٹر سائیکل سوار ڈاکو مسافروں کو لوٹتے اور فرار ہو جاتے ہیں ، چند روز قبل تھانہ سکھیکی کی حدود میں کوٹ سرور انٹر چینج کے قریب گاڑی پر نیلی بتی لگائے ڈاکوؤں نے شہری سے 16 لاکھ روپے لوٹ لئے تھے ، تھانہ کسیسے اور جلالپور بھٹیاں میں بھی نان سٹاپ وارداتیں ہو رہی ہیں ۔ گزشتہ روز شہر کے محلہ علی ٹاؤن میں مقامی صحافی پر قاتلانہ حملہ کر کے شدید زخمی کردیا گیا ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پو لیس ان کے جان مال کا تحفظ کرنے میں ناکام ہو چکی ہے جبکہ سرکل افسر بھی خاموش تماشائی کاکردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تھانوں میں دیانتدار ایس ایچ اوز لگائے جائیں تاکہ جان ومال کا تحفظ ممکن ہوسکے ۔