ڈینگی پر کنٹرول کیلئے شہریوں کا تعاون درکار:ڈی سی سیالکوٹ
سیالکوٹ(نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ موسم برسات ڈینگی مچھروں کی افزائش کا باعث بن سکتا ہے ۔۔۔
ڈینگی سے بچاؤ کا واحد حل ماحول کو صاف اور خشک رکھنے سے ممکن ہے اور کمیونٹی کے عملی تعاون کے بغیر اس بیماری پر قابو پانا ممکن نہیں۔ یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسلم چودھری، ڈی ایچ او ڈاکٹر وسیم مرزا اور ڈاکٹر شیراز مسعود کے علا و ہ تمام سرکاری محکموں کے مقامی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈینگی ویکٹر سرویلنس ایکٹیویٹیز کا دائرہ کار ضلع سیالکوٹ کی 124 یونین کونسل پر محیط ہے جبکہ میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیز اس کے علاو ہ ہیں۔ محکمہ صحت کی 555 انڈور اور 124 آؤٹ ڈور ٹیمیں ڈینگی سرویلنس کیلئے مصروف عمل ہیں۔ ضلع سیالکوٹ میں 2031 ڈینگی ہاٹ سپاٹس کی مسلسل انسپکشن کی جارہی ہے اور 15 روز کے دوران 13 ہاٹ سپاٹس سے ڈینگی پازیٹو سائٹ کی نشان دہی کی گئی۔