سرکاری کالجز میں سی ٹی آئیز کی عارضی بھرتی مکمل

 سرکاری کالجز میں سی ٹی آئیز کی عارضی بھرتی مکمل

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر) گوجرانوالہ ریجن کے سرکاری کالجز میں سی ٹی آئیز کی عارضی بھرتی مکمل کرلی گئی ہے ، انٹرویو میں کامیاب ہونے والے 1243 عارضی اساتذہ کی فائنل لسٹیں ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے پورٹل پر اپ لوڈ کردیں گئیں ہیں، سی ٹی آئیز کل یکم نومبر کو متعلقہ کالجز میں جوائننگ دیں گے ، بھرتی 6ماہ کی عارضی مدت کیلئے کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ ریجن کے 140 سرکاری کالجز میں مختلف مضامین کی خالی سیٹوں پر سی ٹی آئیز کی 1243 سیٹوں پر عارضی بھرتی مکمل کرکے کامیاب امیدواروں کی فائنل لسٹیں پورٹل پر اپ لوڈ کردیں گئی ہیں، سی ٹی آئیز کی بھرتی کیلئے 30 ہزار سے زائد امیدواروں نے انٹرویو دیئے تھے ۔ انٹرویو مکمل ہونے کے بعد ڈائریکٹوریٹ آف پبلک انسٹرکشن کالجز پنجاب کی طرف سے گورنمنٹ گریجوایٹ کالج سٹیلائٹ ٹائون کے پرنسپل کی سربراہی میں بنائی گئی چار رکنی کمیٹی نے ایک سو سے زائد امیدواروں کے اعتراضات سن کر ان کا ازالہ کیا۔ جس کے بعد فائنل لسٹ اپ لوڈ کی گئی ہے ۔ چھ ماہ کیلئے عارضی بھرتی ہونے والے سی ٹی آئیز کل یکم نومبر سے اپنے اپنے کالجز میں جوائننگ دے کر تدریسی فرائض سر انجام دیں گے ۔عارضی ٹیچر کو ماہانہ 50 ہزار روپے اعزازیہ دیا جائے گا۔ اس موقع پر مختلف کالجز کے سربراہان کا کہنا ہے کہ اساتذہ کی خالی سیٹوں پر سی ٹی آئیز کی بھرتی سے معیار تعلیم میں اضافہ ہوگا، اور کالجز کے نتائج میں بہتری آئے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں