ایف بی آر پاور لومز سیکٹر سے تعاون کرے :احمد رانجھا
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سینئرنائب صدر احمد نوید رانجھا کی پاکستان سلک اینڈ ریان ملز ایسوسی ایشن وفد کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو سہیل انجم سے ملاقات۔
وفد میں ایسوسی ایشن کے صدر شیخ محمد وسیم،اسسٹنٹ کمشنر ان لینڈ ریونیو رانا عمران،راشد محمد ان لینڈ ریونیو آفیسر،شوکت حیات کے علاوہ سابق سینئرنا ئب صدر شیخ محمد آصف مظفر و ایسوسی ایشن کے دیگر ممبران بھی موجود تھے ۔وفد کی قیادت کرتے ہوئے سینئرنائب صدر احمد نوید رانجھا نے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاور لومز سیکٹر سے وابستہ کاروباری افراد مختلف بحرانوں اور دیگر کاروباری مسائل کے باعث انتہائی پریشان ہیں کاروباری حالات پہلے جیسے نہیں رہے لہٰذا محکمہ ایف بی آر ایسوسی ایشن کے ممبران سے تعاون کرے ۔انہوں نے بتایا کہ اگر گوجرانوالہ میں تقریباً 20ہزار پاور لومز تھیں جو آج مشکل حالات کے پیش نظر صرف تقریباً 5ہزار ہیں۔لہٰذ سیلز کی مد میں جو پرانا فامولا تھا اسی فارمولے کے تحت پاور لومز سیکٹر سے ٹیکس وصول کیا جائے ۔اگر کوئی کاروباری شخص محکمہ سے تعاون نہیں کر رہا تو ایسوسی ایشن اور محکمہ کے مابین ایک کمیٹی تشکیل دیں۔وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے سہیل انجم ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو نے کہا کہ پاور لومز سیکٹر سے پرانے فامولے کے تحت ہی ٹیکس وصول کرنے کو تیار ہیں ہمیں کسی طرح کا بھی کوئی اعتراض نہیں لیکن جو اس فارمولے سے کم دے رہے ہیں یا بالکل نہیں دے رہے انہیں امادہ کیا جائے ۔