تعلیمی ادارے ، قبرستان ، پارکس ، ٹائر شاپس ، سرامکس فیکٹریاں ڈینگی کے حوالے سے خطرناک قرار
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)موسم کی تبدیلی کے باوجود ڈینگی کی افزائش پر قابو نہ پایا جاسکا ،گوجرانوالہ ضلع کے تعلیمی ادارے ،قبرستان ،پارک ،ٹائر شاپس ،سرامکس فیکٹریاں ڈینگی کے حوالے سے خطرناک قرار دی گئیں۔۔۔
رواں سیزن میں ڈینگی کے 1300 لاروے برآمد ہونے پر محکمہ صحت نے انسداد ڈینگی سرگرمیاں تیز کردیں، رواں ڈینگی سیزن میں 900سے زائد شہری ڈینگی مرض کا شکارہوئے تاہم موسم تبدیل ہونے کے باوجود ان مقامات پر ڈینگی ٹیمیں مانیٹرنگ کیلئے مقررکردی گئیں۔ پنجاب کے دیگر اضلاع کی نسبت ضلع میں چند ماہ کے دوران ریکارڈ ڈینگی لاروے برآمد ہوئے ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی بھی مایوس کن رہی ،گوجرانوالہ کو ڈینگی کی افزائش کے حوالے سے خطرناک قرار دیا گیا ، ذرائع کے مطابق ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے پارکس ،قبرستان ،سرامکس مارکیٹیں ،سرکاری دفاتر ،ٹائر شاپس اور ہوٹل وغیرہ کو ڈینگی کی افزائش کے حوالے سے خطرناک قرار دیا جاچکا ہے اور ڈینگی کی افزائش کو روکنے کیلئے ٹیموں کو 24 گھنٹے بعد سروے کرنے کا حکم دیا۔