حافظ آباد روڈ گرین بیلٹ پر کوڑے کے ڈھیر : تعفن سے گزرنا محال
عالم چوک ،لدھیوالہ وڑائچ(نمائندہ خصوصی، نامہ نگار )گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی اورضلعی انتظامیہ عالم چوک اور حافظ آباد روڈ کی گرین بیلٹ سے فلتھ ڈپو ختم کرانے میں ناکام ہو گئی۔۔۔
گلے سڑے فروٹ اور ہوٹلوں کے فضلے کی وجہ سے پھیلنے والی بد بو سے دکاندار اور مسافر پریشان ہیں ۔ تفصیل کے مطابق عالم چوک سے کوٹ اسحاق تک سڑک کے درمیان بنی گرین بیلٹ پر فروٹ فروش اور ہوٹل مالکان کی جانب سے بڑے بڑے کوڑے کے ڈھیر لگا د ئیے گئے ہیں جس کی وجہ سے جہاں اس گلے سڑے پھل اور کوڑے سے بدبو پھیل رہی ہے وہیں گرین بیلٹ پر سینکڑوں قیمتی پودے ضائع ہو چکے ہیں، اس حوالے سے عالم چوک اور حافظ آباد روڈ کے تاجروں کا کہنا ہے کہ جب کسی فروٹ فروش کو گرین بیلٹ پر کچرا پھینکنے سے منع کیا جاتا ہے تو وہ لڑائی مول لیتے ہیں اس لئے ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی کو چاہیے کہ وہ کوڑے کو ڈمپ کرنے کیلئے بڑے کنٹینر رکھے تاکہ صفائی برقرار رہے ۔تاجروں نے ڈپٹی کمشنر نوید احمد سے مطالبہ کیا ہے کہ گرین بیلٹ پر کوڑا پھینکنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی اور جرمانے کئے جائیں۔