کامونکے :نالہ سے ملنے والی کٹی ہوئی لاش کی شناخت
کامونکے (نامہ نگار )ٹبہ محمد نگر سیم نالہ سے ملنے والی نعش کی شناخت بورے والا کے اٹھائیس سالہ ندیم سرور کے نام سے ہوگئی۔صدر پولیس نے نامعلوم قاتلوں کیخلاف مقدمہ درج کرنے اور پوسٹمارٹم کے بعد نعش مقتول کے بڑے بھائی سلیم کے حوالے کردی ہے ۔
مقتول کے بھائی نے بتایا ہے کہ اُسکی چار ماہ قبل شادی ہوئی تھی اور وہ اسلام آباد میں حساس ادارے کے کیمپ میں کنٹریکٹ پر ویٹرکی نوکری کرتا تھا اور فیملی کے ہمراہ وہاں ہی رہائش پذیر تھا۔ 9نومبر کو وہ گھر سے کسی کو ملنے کا کہہ کر چلا گیا لیکن واپس نہ آیا جس کے بعد اُسکے اغواء کا مقدمہ اسلام آباد شہزاد ٹاؤن تھانہ میں نامعلوم افراد کیخلاف درج کروادیا گیا۔مقتول کے بھائی نے مزید بتایا کہ اُنہیں سوشل میڈیا پر مختلف ٹی وی چینل اور اخبارات کی خبروں کے ذریعے بھائی کے قتل کا پتہ چلا ہے ۔علاوہ ازیں پولیس ابھی تک سفاک ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے ۔