بغیر لائٹس والی گاڑیاں فوری بند کرنے کا فیصلہ
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )ڈپٹی کمشنر نوید احمد کے زیر صدارت ضلعی حادثات روک تھام کمیٹی کا اجلاس، انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے فوری اہم اقدامات کے تحت ٹریفک پولیس کی معاونت سے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ پوسٹس قائم کی جائینگی۔
انہوں نے رات گئے ہنگامی اجلاس میں انسانی جانوں کے ضیاع کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات میں ایک لائٹ یا بغیر لائٹس کے چلنے والی گاڑیاں فوری بند کرنیکا فیصلہ کیا جبکہ گوجرانوالہ کی حدود میں داخل ہونے والی گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ چیک کئے جائیں اور ضلع میں بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل سواروں، کم عمر ڈرائیورز کیخلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔ انہوں نے جی ٹی روڈ پر دھند کے دوران ڈرائیورز کی رہنمائی کیلئے ریفلیکٹرز، لین مارکنگ کی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں حادثات رونما ہونے کی بنیادی و جوہات، درست نشاندہی، ایسے اقدامات اٹھانا جس سے ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں، ضلع میں ہونے والے بڑے حادثات کا ریکارڈ مرتب کرنے بارے تفصیلی اظہار خیال کیا گیا، تمام متعلقہ محکموں کو ذمہ داریاں تفویض کر دی گئیں۔