راستے ،ٹرانسپورٹ بند ،مسافر خوار ، ریلوے سٹیشن پر رش
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر سڑکیں اور جنرل بس سٹینڈ سمیت تمام نجی اڈے بند ہونے سے مسافروں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں ،دوسر ے شہر وں کوجانے کیلئے ریلوے سٹیشن پر مسافروں کا رش بڑھ گیا۔۔۔
ٹرینوں کے سٹیشن پر پہنچتے ہی مسافر ایک دوسرے سے دھکم پیل کرکے سوار ہوتے رہے تاہم ٹرین اوور لوڈ ہونے کے باعث متعدد مسافر ٹکٹوں کے باوجود ٹرین پر سوار نہ ہوسکے ،دن بھر مسافر ریلوے سٹیشن پر بیٹھ کر گاڑی کا انتظارکرتے رہے ۔بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے اسلام آبادمیں احتجاج کے پیش نظر انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے گوجرانوالہ کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کیا گیا ہے ۔جی ٹی روڈ کامونکی ٹول پلازہ ،عز یز کراس چوک ،وزیر آباد اور چناب پل پر دونوں اطراف کنٹینرزلگا کر راستوں کو سیل کیا گیا ہے ۔دو روز سے گوجرانوالہ کے جنرل بس سٹینڈ سمیت تمام نجی اڈے بھی مکمل طور پر بند ہیں اور ان کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جس کے پیش نظر گوجرانوالہ سے دوسرے شہروں لاہور ،فیصل آباد ،د ملتان ،گجرات ،راولپنڈی ،جہلم ،اسلام آباد ،کراچی اور دیگر شہروں کو جانے والے مسافر وں ریلوے سٹیشن پہنچ گئے تاہم مسافروں کا رش زیادہ ہونے کی وجہ سے ٹرین کے انتظار میں بھی مسافر دن بھر خوارہوتے رہے ۔مسافروں کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ بند ہونے کی وجہ سے واحد سہارا ریل گاڑی کا سفر تھا صبح سے جو بھی ٹرین سٹیشن پر رکتی ہے وہ پہلے سے ہی اوور لوڈہوتی ہے ،دو تین بار ٹکٹیں لے کر ضائع کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ایسے حالات میں سپیشل ٹرینیں چلائے یا پھر عوام کیلئے ایسے انتظامات کرے کہ وہ منزل مقصود پر پہنچ سکیں۔