ساہیوال میں سبزی ،پھل ،گوشت عوام کی پہنچ سے باہر

ساہیوال میں سبزی ،پھل ،گوشت عوام کی پہنچ سے باہر

ساہیوال (خبرنگار)مہنگائی کاجن بے قابو ،ضلعی انتظامی افسران کے دعوؤں کے باوجود سبزی ،پھل اور گوشت کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ٗگرانفروشوں کو لگام ڈالی جائے ٗ شہریوں کاکمشنر سے مطالبہ۔

 تفصیلات کے مطابق شہربھرمیں مصنوعی مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے ۔ مہنگائی سے پریشان شہریوں نے ضلعی انتظامی افسران کے ایکشن اورجرمانے کے اعدادوشمار کوڈرامہ قرار دے دیا۔ شہریوں کاکہناہے کہ شہر بھر میں مہنگائی کاجن مکمل طورپر بے قابو ہے ۔ گرانفروش سبزی ٗپھلوں اور گوشت کی قیمتیں من مرضی کے مطابق وصول کرتے ہوئے ریٹ لسٹ کو نظر انداز کررہے ہیں۔بڑھتی ہوئی مہنگائی سے غریب کے ساتھ ساتھ مڈل کلا س کا بری طرح استحصال ہورہاہے ۔شہر بھر میں قصابوں نے بیف اور مٹن کے خود ساختہ نرخ مقرر کررکھے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔ سبزیاں اور پھل عوام کی پہنچ سے دو ر ہوچکے ہیں۔عوام مہنگائی کے ہاتھوں پٹ رہی ہے اور انتظامی افسران اعدادوشمار تیار کرکے سب اچھے کی رپورٹ پیش کردیتے ہیں۔انہوں نے کمشنر ساہیوال سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں گرانفروشوں کے خلاف سخت ایکشن لیکر کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں