تنخواہوں،پنشن میں کٹوتی سراسر ناانصافی :ٹیچرز الائنس
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)پنجاب ٹیچرز الائنس کے مرکزی چیئرمین میاں امجد علی کی قیادت میں پنجاب ٹیچرز الائنس کے اساتذہ رہنمائوں کے ہنگامی اجلاس کا انعقاد۔۔۔
اجلاس میں پنجاب بھر کے سرکاری ملازمین کو درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلاً گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں پنجاب ٹیچرز الائنس کے سرپرست رشید احمد بھٹی، چیف کوآرڈینیٹر چودھری اﷲ رکھا گجر، طارق محمود، مرکزی جنرل سیکرٹری محمد افضل بھنڈر، وائس چیئرمین محمد طارق قریشی، وحید حیدر گجر، زاہد رفیق ، منیر احمد و دیگر شامل تھے ۔ مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ پنجاب حکومت کے بے رحمانہ اور ظالمانہ فیصلوں سے پنجاب کے تمام سرکاری ملازمین بالخصوص اساتذہ کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں، پنشن اصلاحات کے نام پر 2 دسمبر کو ہونیوالے نوٹیفکیشن کے ذریعے راتوں رات اساتذہ و سرکای ملازمین کے حقوق پر شب خون مارا گیا، بجائے مراعات دینے کے تنخواہوں اور پنشن میں کٹوتی کر لی گئی ہے جو کہ سراسر زیادتی اور ناانصافی ہے جبکہ اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں لاکھوں روپے اضافہ کیا گیا ہے ،لیگی حکومت نے تمام سرکاری ملازمین کا سکون تباہ و برباد کر دیا ہے ۔مقررین کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت سکولز کی نجکاری، پنشن کٹوتی اور لیوانکیشمنٹ سمیت دوسرے ظالمانہ فیصلے واپس لے بصورت دیگر دما دم مست قلندر ہوگا اور سرکاری ملازمین ہی انقلاب لیکر آئیں گے ۔