ملک کو آئین و قانون کے مطابق چلا نا ہو گا:ڈاکٹر طارق
گجرات (سٹی رپورٹر ،نامہ نگار )جماعت اسلامی پنجاب کے امیرڈاکٹرطارق سلیم نے رام پیاری محل میں حاجی محمداسلم جاویدکی کتاب ‘‘تاریخ قاسم آباد’’ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے دورجدید میں کتاب کی اہمیت پر۔۔۔
مفصل اندازمیں روشنی ڈالی اورکتاب کے مصنف حاجی اسلم جاوید کومثالی معلوماتی تصنیف پرخراج تحسین پیش کیا،شرکاسے گفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ ملک کو آئین و قانون کے مطابق چلا نا ہو گا جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانو ن سارے مسائل کی بنیادی جڑ ہے ۔ تمام ادارے اپنے آئینی و قانونی دائرہ کار اور متعین ذمہ داریوں کے ساتھ ہی آگے بڑھ سکتے ہیں۔ سیاسی افراتفری میں کمی کے بجائے اضافہ، معاشی عدم استحکام اور حکمرانوں کا ذاتی مفادات کو ترجیح دینا بے حسی کی انتہا ہے ، ملک و قوم کو 76برسوں سے مٹھی بھراشرافیہ نے یرغمال بنایا ہوا ہے ،ان سے نجات تک بہتری کی امید نہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ6مزید بجلی گھروں سے معاہدے ختم کرنے کا اعلان جماعت اسلامی کے دھرنے کے ثمرات ہیں جو قوم کو ملنا شروع ہو گئے ہیں۔ اب تک 13آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم ہو چکے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت بجلی کے بلوں میں بھی کمی کو یقینی بناتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرے ۔ ہوشربا بلوں نے عوام کا خون نچوڑ لیا ہے ۔ حکمرانوں کو ملک میں مہنگائی بدامنی، بیروزگاری اورسیاسی ومعاشی عدم استحکام ختم کرنے کی کوئی فکر نہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی اصل حقیقت قوم کے سامنے عیاں ہو چکی ہے ،عوامی مسائل کو حل نہ کیا گیا، مہنگائی بے روزگاری کو کنٹرول اور میرٹ کو یقینی نہ بنایا گیا تو ان کا انجام بھی حسینہ واجد جیسا ہو گا۔