گوجرانوالہ وفاقی،صوبائی کابینہ میں نمائندگی سے محروم
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)گوجرانوالہ ضلع کوتاحال وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت میں نمائندگی نہ مل سکی ۔۔۔
قومی وصوبائی اسمبلی کے بیشترارکان وفاقی وصوبائی کابینہ میں شمولیت کیلئے سرتوڑ کوششیں کرنے کے باوجود ناکام ہیں حالیہ انتخابات میں گوجرانوالہ ووزیر آباد کی قومی اسمبلی کے چھ حلقوں میں سے چار پر حکمران جماعت مسلم لیگ ن کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی جبکہ صوبائی اسمبلی کی 14 میں سے 8 نشستوں پر حکومتی جماعت نے کامیابی حاصل کی تھی لیکن ن لیگی مقامی ارکان اسمبلی کے اختلافات کی وجہ سے پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے گوجرانوالہ کو کسی بھی کابینہ میں شمولیت کیلئے کوئی فیصلہ نہیں کیا، ماضی کی مسلم لیگ ن کی حکومت میں ضلع بھر کی تمام قومی و صوبائی نشستوں پر مسلم لیگ ن نے کلین سویپ کیا تھا مگر پنجاب کابینہ میں ایک بھی رکن اسمبلی کو شامل نہ کیا گیا تھا تاہم وفاقی کابینہ میں تین ارکان کو شامل کیا گیا تھالیکن اس کے باوجودمقامی ارکان اسمبلی کی ناکامی کی بدولت گوجرانوالہ یونیورسٹی کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا جبکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ بھی تعطل کا شکار رہا جو نگران حکومت میں شروع کیا گیا اس کے علاوہ صحت ،تعلیم سمیت دیگر ترقیاتی میگا پراجیکٹس بھی گوجرانوالہ کو نصیب نہ ہوسکے تھے ،ضلع کی کامیابی نشستوں اور ناکام نشستوں کے ن لیگی امیدواران ،ارکان اسمبلی کے درمیان اختلافات بڑھ چکے ہیں ۔