جامعہ گجرات میں اساتذہ کی تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر
گجرات (نامہ نگار،سٹی رپورٹر)جامعہ گجرات کے ORICاور ہائر ایجوکیشن کمیشن HECپاکستان کی نیشنل اکیڈیمی برائے ہائر ایجوکیشنNAHE کے اشتراک سے اساتذہ کے لیے تربیتی ورکشاپ۔
‘‘نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام برائے ہائر ایجوکیشن فیکلٹی’’ کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی۔تربیتی ورکشاپ ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی جانب سے فیکلٹی ڈویلپمنٹ ٹریننگ کے سلسلہ کا اہم حصہ تھی۔ورکشاپ کا انعقاد حافظ حیات کیمپس میں ہو ا۔ ورکشاپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد مشاہد انور تھے ۔ ورکشاپ کا بنیادی مقصد جامعہ گجرات کے اساتذہ کی ذہنی وفکری وتکنیکی سطح پر تربیت کے ذریعے بطور استاد مستقبل کی نسلوں کو ہر لمحہ بدلتے ہوئے تکنیکی حالات میں اعلیٰ طریقہ سے منہاج علم تک پہنچانے کے لیے صلاحیت و قابلیت میں اضافہ تھا۔ ورکشاپ میں مختلف شعبہ جات کے 30اساتذہ نے ایک ماہ تک مختلف اقسام کی تدریسی مشقوں اور عملی سرگرمیوں میں شرکت کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد مشاہد انور نے کہا کہ اعلیٰ سطح پر تدریسِ علم ایک عظیم فریضہ ہے ۔اساتذہ اپنی صلاحیت و قابلیت کی بدولت طلبہ کی ذہنی و فکری تشکیل کے ذریعے تعمیر معاشرہ کا کارنامہ سرانجام دیتے ہیں۔مائنڈ سیٹ معاشرہ میں مثبت تبدیلیوں کا پیش خیمہ بنتے ہوئے تشکیلِ ملک و قوم کا وسیلہ ہے ۔