گجرات :خصوصی پروگرام کے تحت 12 سڑکوں کی بحالی پر کام
گجرات(سٹی رپورٹر،نامہ نگار ) ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جہانگیر شبیر بٹ کے گجرات سٹی پیکچ روڈ بحالی و وزیر اعلیٰ کے پی آئیز کے تحت جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس دورے کے دوران شہر کی مختلف سڑکوں پر جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا گیا تاکہ کام کے معیار اور رفتار کو یقینی بنایا جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ گجرات شہر میں خصوصی پروگرام کے تحت 12 اہم سڑکوں کی بحالی کا کام مکمل کیا جا رہا ہے ۔ ان منصوبوں پر مجموعی طور پر 1.1 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ انہوں نے جیل چوک سے کچہری چوک تک کے سیکشن کا بھی دورہ کیا جہاں آر سی سی سلیب کی تعمیر جاری ہے ۔ یہ منصوبہ جنوری کے پہلے ہفتے تک مکمل کر لیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ تمام تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے اور مقررہ وقت کے اندر منصوبوں کو مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے تعمیراتی ٹیم کو ہدایت کی کہ عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کام میں کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر نہ کی جائے ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جہانگیر شبیر بٹ نے بھی منصوبوں کی تفصیلات فراہم کیں اور کہا کہ گجرات شہر کی ترقی کے لیے ان منصوبوں کا اہم کردار ہوگا۔