گجرات:ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے اقدامات پر غور
گجرات (نامہ نگار ،سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک کی زیر صدارت حادثاتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع میں ٹریفک حادثات کی موجودہ صورتحال اور ان کے تدارک کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (DRTA) صدام حسین، ڈی ایس پی موٹروے پولیس، انسپکٹر ٹریفک پولیس گجرات، سول ڈیفنس آفیسر اشفاق احمد، اور دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق ستمبر میں 793 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے ، 856 افراد متاثر ہوئے ، 462 معمولی زخمی ہوئے ، 388 کو ہسپتال منتقل کیا گیا اور 6 افراد جان کی بازی ہار گئے ۔ اکتوبر میں 754 حادثات میں 776 افراد متاثر ہوئے ، 420 معمولی زخمی، 351 کو ہسپتال منتقل کیا گیا اور 5 افراد جاں بحق ہوئے ۔ نومبر میں 793 حادثات میں 843 افراد متاثر ہوئے ، 423 معمولی زخمی، 412 کو ہسپتال منتقل کیا گیا اور 8 افراد جاں بحق ہوئے ۔ سب سے زیادہ حادثات موٹر سائیکل (2135)، کار (240)، رکشہ (109)اور دیگر گاڑیوں کے ساتھ پیش آئے ۔ اجلاس میں حادثات کی روک تھام کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے اور تمام متعلقہ محکموں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔