علی پورچٹھہ:ڈمپر حادثات کا با عث ، سڑکیں ٹوٹنے لگیں
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر)علی پورچٹھہ میں ڈمپروں کی بھرمار ہو گئی ،شہریوں کی زندگیاں شدید خطرات سے دو چار ہیں ،سڑکیں تعمیر مکمل ہونے سے پہلے ہی ٹوٹنے لگیں ۔ علی پور چٹھہ کے گردونواح میں بھاری ڈمپروں کی یلغار ہو چکی ہے۔
سڑکوں پر ہر وقت ٹریفک جام معمولات میں شامل ہے ، ڈمپروں کی زد میں آکر بیسیوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔علاقہ بھر کی نئی سڑکیں تکمیل سے پہلے ہی اپنا لیول ختم کر بیٹھی ہیں۔وزیرآباد روڈ ایک طرف سے ابتر ہو چکی ہے ، اسی طرح گوجرانوالہ ازسرنو تعمیر سڑک پر بھی ڈمپروں سے سڑک کا لیول خراب ہو چکا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حادثات میں انسانی جانوں کے ضیاع پر بااثر ڈمپر مافیا پولیس سے ملی بھگت کر کے معاملے کو نمٹا لیتے ہیں اور لواحقین کو رب کی رضا کا درس دیتے ہو ئے صلح کروالی جاتی ہے ۔ شہریوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈمپروں کے وزن پر چیک اینڈ بیلنس رکھنے کا لائحہ عمل اختیارکیا جائے ۔